بینک کی خدمات حاصل کرنا اور بینک اکاؤنٹ استعمال کرنا |
بینکوں کی خدمات حاصل کرنے کے بہت سے فوائد ہیں۔
- بینک قابلِ بھروسہ ہوتے ہیں اور بینکاری کے مروجہ قوانین کے تحت چلائے جاتے ہیں۔ انہی قوانین کے تحت صارفین کو اپنی آمدنی نہ صرف بروقت ملتی ہی بلکہ انکی معلومات پوشیدہ بھی رکھی جاتی ہیں۔
- آپ کا سرمایہ محفوظ رہتا ہے جبکہ نقد رقم جو لوگ اپنی پاس رکھتے ہیں اسکے چوری ہونے کا ہمشہ اندیشہ رہتا ہے اور اس کی بازیابی ایک مشکل کام ہے۔ بینک ہمشہ اپنے سرمائے کو انشورنس کے ذریعے محفوظ رکھتے ہیں تاکہ گمشدہ یا چوری ہوئی رقم کو بازیاب کرایا جاسکے۔
- بینک بہت سی پروڈکٹس پیش کرتے ہیں مثلاً سیونگ اکاؤنٹ جو کہصارفین کو مختصر یا طویل المدتی بچت کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
- بینک کے پاس سرمائے کی بہتات ہوتی ہے جس کی وجہ سے بینک بڑی مالیت کے قرضے طویل مدت کے لئے بھی دے سکتے ہیں۔
- بینک صارفین کی سہولت کے لئے بہت سی خدمات پیش کرتے ہیں مثلاً تنخواہ ، پنشن ، بیرونِ ملک سے ترسیلِ زر وغیرہ۔ اس کے علاوہ پیسہ اپنے مطلوبہ جاننے والے کے اکاؤنٹ میں منتقلی اور اے ٹی ایم جیسی سہولیات بھی قابلِ ذکر ہیں۔
- عام رجحان جو دیکھا گیا ہے اس کے مطابق اگر روپیہ بینک میں پڑا ہو تو لوگ اس کو خرچ کرنے سے پرہیز کرتے ہیں۔

بینک اکاؤنٹ اکاؤنٹ تب کھلتا ہے جب ایک صارف کسی مالیاتی ادارے میں روپیہ جمع کرواتا ہے نیز وہ نہ صرف مزید سرمایہ ڈلوا سکتا ہے بلکہ اپنے جمع کروائے گئے سرمائے میں سے رقم ضرورت کے تحت نکلوا بھی سکتا ہے۔ پاکستان میں تجارتی یا کمرشل بینکوں کے علاوہ ڈاکخانوں اور مائیکرو فنانس اداروں میں اکاؤنٹ کھلوایا جا سکتا ہے۔ یہ ادارے مستقل بنیادوں پہ ٹیلیویژن پر اپنی تشہیر بھی کرتے رہتے ہیں۔ بینک مختلف طرح کے اکاؤنٹ پیش کرتے ہیں جو ہیئت میں مختلف ہوتے ہیں۔ اکاؤنٹ کی اہم اقسام مندرجہ ذیل ہیں۔ مشترکہ اکاؤنٹ یا جوائنٹ اکاؤنٹ بزرگوں کے خاص اکاؤنٹ بچت یا سیونگ اکاؤنٹ کرنٹ اکاؤنٹ طویل یا مختصر مدتی اکاؤنٹ یا ٹائم یا ٹرم ڈیپازٹ اکاؤنٹ
کرنٹ اکاؤنٹ عام طور سے آپ کو اپنا سرمایہ جب چاہیں بذریعہ چیک یا اے ٹی ایم نکلوانے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ ان اکاؤنٹس پر شرحِ منافع بہت کم ہوتی ہے۔
بنیادی بینک اکاؤنٹ بینک کی خدمات کو سہل بنانے کے لئے پاکستان میں کام کرنے والے تمام کمرشل بینکوں نے ایک بنیادی بینک اکاؤنٹ یعنی بیسک بینک اکاؤنٹ یا بی بی اے متعارف کروایا ہے۔ بی بی اے کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں۔ کم از کم ابتدائی رقم جس سے اکاؤنٹ کھلوایا جا سکتا ہے وہ ایک ہزار روپیہ ہے۔ یہ ایک غیر نفع بخش اکاؤنٹ ہے، یعنی اس میں پیسہ جمع کروانے سے سرمائے میں کوئی اضافہ نہیں ہوتا۔ بینک اس اکاؤنٹ کو سنبھالنے اور فراہم کرنے کے سلسلے میں کسی قسم کا معاوضہ لینے کے مجاز نہیں ہیں۔ اس اکاؤنٹ میں کم سے کم رقم برقرار رکھنے کی کوئی شرط نہیں ہے ، البتہ اگر اکاؤنٹ میں چھ ماہ تک مسلسل کوئی رقم نہ ہو تو بینک اکاؤنٹ کو بند کرسکتا ہے۔ بینکہر مہینے دو مرتبہ روپیہ ڈالنے اوردو مرتبہ روپیہ بذریعہ چیک نکلوانے کی سہولت بلامعاوضہ فراہم کرنیکے پابند ہیں۔ بینک کے اپنے اے ٹی ایم سے جتنی دفعہ بھی پیسہ نکلوایا جائے اس پر بینک کسی قسم کے اضافی روپے منہا نہیں کرسکتا۔ البتہ کسی دوسرے بینک کے اے ٹی ایم استعمال کرنے کی صورت میں بینک طے شدہ رقم صارف کے اکاؤنٹ سے منہا کرسکتا ہے۔

|